لکھنؤ:5 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے لوک سبھا انتخابات کے لئے جمعہ کو اپنا ویژن دستاویز جاری کیا۔اس دوران انہوں نے مرکز اور یوپی کی یوگی حکومت پر جم کر نشانہ لگایا۔اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم ایک کتاب نکال رہے ہیں جو کہ ہمارے رہنماؤں اور لوگوں کے لئے ہے،اس سے لوگ جان سکیں گے کہ سماجی انصاف کیا ہے اور اس سے کس طرح تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی اتحاد میں الیکشن لڑ رہی ہیں۔یہ سوال پوچھے جانے پر کہ دونوں جماعتوں نے مشترکہ طور پر اپنا مینی فیسٹو کیوں جاری نہیں کیا لیکن اکھلیش یادو اس سوال کو ٹال گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ ویژن ڈاکومنٹ ایس پی رہنماؤں اور کارکنوں کے لئے ہے،اس کے ذریعے بی جے پی کو جواب دیں گے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ اس کتاب میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت نے کس طرح امیر لوگوں کو اور امیر بنایا ہے۔ڈاکیومنٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غریب کس طرح اور غریب بن گیا ہے۔ایس پی سربراہ نے ذات مردم شماری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بغیر سماجی تبدیلی کے ملک میں تبدیلی نہیں آ سکتی ہے۔مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت غربت کے اعداد و شمار چھپا رہی ہے۔حکومت بے روزگاری کے اعداد و شمار چھپا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اعداد و شمار چھپاتی ہے جبکہ یہ اعداد و شمار آئی ایم ایف اور عالمی بینک کو قبول کرتا ہے،پھر حکومت اسے بتاتی کیوں نہیں ہے؟۔اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ ہمارا منشور نہیں ہے بلکہ ویژن دستاویز ہے۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے مسلم لیگ وائرس والے ٹویٹ پر اکھلیش نے جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹویٹ ان کا نہیں ہو سکتا،کسی سے کروایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی جی فرانس میں کہتے ہیں کہ ہماری صنف ایک ہے اور یوگی بولتے ہیں کہ وائرس ہے۔ہو سکتا ہے وزیر اعلی صاحب کے پاس کوئی وائرس ہو، اس سے لکھوا لیا ہو،انہیں تو ٹوئٹر چلانے نہیں آتا ہے۔لکھنؤ میں پریس کانفرنس کے دوران اکھلیش یادو نے کانگریس اور بی جے پی دونوں جماعتوں پر نشانہ لگایا۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں شکشامتروں، رسوئیوں اور بے روزگار لوگوں کے مسائل ہیں لیکن ایک پارٹی کہتی ہے کہ پلاننگ کمیشن خراب تھا، ایک دوسری پارٹی کہتی ہے کہ نیتی آیوگ خراب ہے،ہماری حکومت آئی تو ختم کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں ایک جیسی ہی ہیں۔